لاگ ان

جمعرات 16 ربیع الاول 1446 بہ مطابق 19 ستمبر 2024

لاگ ان

جمعرات 16 ربیع الاول 1446 بہ مطابق 19 ستمبر 2024

لاگ ان / رجسٹر
جمعرات 16 ربیع الاول 1446 بہ مطابق 19 ستمبر 2024

جمعرات 16 ربیع الاول 1446 بہ مطابق 19 ستمبر 2024

مولانا محمد زکی کیفیؔ(۱۹۲۶۔۱۹۷۵ء)
معروف شاعر،ابنِ مفتی محمد شفیعؒ

کیا صف شکن تھے جنگ سے نالاں؟ نہیں نہیں
کیا شیردل تھے کفر سے ترساں؟ نہیں نہیں
کیا غازیوں میں شوقِ شہادت کی تھی کمی
کم ہو گئی تھی غیرتِ ایماں؟ نہیں نہیں
کیا سرد ہوگئے تھے جوانوں کے حوصلے
کیا ڈرگئے تھے حاملِ قرآں؟ نہیں نہیں
کیا سو گئے تھے قوم کے جانباز سرفروش
غافل تھے کیا وطن کے نگہباں؟ نہیں نہیں
کیا اپنی سرحدوں کی حفاظت کے واسطے
کافی نہیں تھی فوج ِ دلیراں؟ نہیں نہیں
کیا عرصہ گاہِ جنگ میں ہنگامِ کارزار
کم پڑ گیا تھا جنگ کا ساماں؟ نہیں نہیں
کیا اہلِ شہر جنگ کی حالت میں خوش نہ تھے
کیا مرد و زن تھے خوف سے لرزاں؟ نہیں نہیں
کیا اہلِ ملک تنگ تھے اس حرب و ضرب سے
کیا ہو گئی تھی قوم پریشاں؟ نہیں نہیں
کیا اپنے ملک وقوم کی عزت کے واسطے
لڑنا نہ جانتے تھے مسلماں؟ نہیں نہیں
کیا بڑھ گئی تھی کفر کی یلغار اس قدر
رکتا نہیں تھا کُفر کا طوفاں؟ نہیں نہیں
پھر کس لیے یہ صورتِ حالات ہوگئی
بازی ابھی لگی تھی ابھی مات ہو گئی
برباد کیوں ہوا یہ گلستاں جواب دو
اے قاتلانِ غیرتِ ایماں! جواب دو
کس دل سے تم نے ذلتِ اسلام کی قبول؟
کہتا ہے تم سے خونِ شہیداں جواب دو
لاکھوں کٹے تھے جس کی حفاظت کے واسطے
کیوں دے دیا وہ ہاتھ سے میداں، جواب دو
کس پر بھروسہ کر کے کروڑوں عوام کو
چھوڑا ہے تم نے بے سروساماں، جواب دو
وہ اپنے سرفروش جو کوہِ وقار تھے
کیوں ہیں اسیرِ حلقۂ زنداں، جواب دو
ہے کن گھروں میں آتشِ نمرود شعلہ زن
کیوں کر رہا ہے کُفر چراغاں، جواب دو
ہر چپۂ زمین پہ خوں کس کا جذب ہے
کس نے کیا ہے خون یہ ارزاں، جواب دو
ڈھاکہ پہ کیا قیامتِ صغریٰ گزر گئی
کیوں ارضِ چاٹگام ہے گریاں، جواب دو
لاشیں پڑی ہیں کس کی، یہ سلہٹ کی خاک پر
جیسور کس لیے ہوا ویراں، جواب دو
کتنے دلوں میں اُتری ہے سنگین کُفر کی
کس کس کا سر ہے خون میں غلطاں، جواب دو
سونپے تھے تم کو لختِ جگر اپنے قوم نے
کیا اس لیے تھی خون کی افشاں، جواب دو
تم نے کیا تھا عہدِ وفا ملک و قوم سے
اب کیا ہوا وہ عہد، وہ پیماں جواب دو
کس دل سے ملک و قوم کی تذلیل کی گئی؟
غداریوں کی شوق سے تشکیل کی گئی؟
اِس غدْر اِس فریب میں کس کس کا ہاتھ ہے؟
کس کس طرح شکست کی تکمیل کی گئی؟
ہر لب پہ یہ سوال ہیں ان کا جواب دو
غارت گرانِ خونِ شہیداں جواب دو
لرننگ پورٹل