لاگ ان

جمعرات 19 جمادی الاول 1446 بہ مطابق 21 نومبر 2024

لاگ ان

جمعرات 19 جمادی الاول 1446 بہ مطابق 21 نومبر 2024

لاگ ان / رجسٹر
جمعرات 19 جمادی الاول 1446 بہ مطابق 21 نومبر 2024

جمعرات 19 جمادی الاول 1446 بہ مطابق 21 نومبر 2024

’’شمس الرحمٰن فاروقی کے مطابق’ میر تقی میر کے بعد اکبر الہ ابادی نے اپنے کلام میں اردو زبان کے سب سے زیادہ الفاظ استعمال کیے ہیں‘۔ اکبر شاعر پہلے تھے کچھ اور بعد میں۔انھوں نے اپنے عہد میں نہ مذہبی طبقے سے تعرض کیا،نہ مغرب کی برکات سے مرعوب ہوئے،نہ انگریز حاکموں کی پروا کی اور نہ لیڈروں کو خاطر میں لاے۔اس عہد میں کوئی شخص ایسا نہ تھا جس نے انگریز کا ملازم ہوتے ہوئے اس کی ایسی خبر لی ہو جیسی اکبر نے لی۔اکبر کی شاعری کو محض مزاحیہ شاعری کے کھاتے میں ڈال دینا اکبر کے ساتھ ہی نہیں اردو شاعری کے ساتھ بھی نا انصافی ہے۔ غزل قطعہ، رباعی اور نظموں کی شکل میں اکبر نے جتنا عمدہ کلام چھوڑا ویسا جدید دور کے کسی شاعر کے ہاں موجود نہیں‘‘ ۔(ماخوذ از: ریختہ)


یہ موجودہ طریقے راہیٔ ملکِ عدم ہوں گے

نئی تہذیب ہوگی اور نئے ساماں بہم ہوں گے


نئے عنوان سے زینت دکھائیں گے حسیں اپنی

نہ ایسا پیچ زلفوں میں، نہ گیسو میں یہ خَم ہوں گے


نہ خاتونوں میں رہ جائے گی پردے کی یہ پابندی

نہ گھونگھٹ اس طرح سے حاجبِ روے صنم ہوں گے


بدل جائے گا اندازِ طبائع دورِ گردوں سے

نئی صورت کی خوشیاں اور نئے اسبابِ غم ہوں گے


نہ پیدا ہوگی خطِ نسخ سے شانِ ادب آگیں

نہ نستعلیق حرف اس طور سے زیبِ رقم ہوں گے


خبر دیتی ہے تحریکِ ہوا تبدیلِ موسم کی

کھلیں گے اور ہی گل، زمزمے بلبل کے کم ہوں گے


عقائد پر قیامت آئے گی ترمیمِ ملت سے

نیا کعبہ بنے گا، مغربی پتلے صنم ہوں گے


بہت ہوں گے مغنی نغمۂ تقلیدِ یورپ کے

مگر بے جوڑ ہوں گے، اس لیے بے تال و سَم ہوں گے


ہماری اصطلاحوں سے زباں نا آشنا ہوگی

لغاتِ مغربی بازار کی بھاشا سے ضم ہوں گے


بدل جائے گا معیارِ شرافت چشمِ دنیا میں

زیادہ تھے جو اپنے زَعْم میں وہ سب سے کم ہوں گے


گزشتہ عظمتوں کے تذکرے بھی رہ نہ جائیں گے

کتابوں ہی میں دَفْن افسانۂ جاہ و حشم ہوں گے


کسی کو اس تغّیر کا نہ حس ہوگا نہ غم ہوگا

ہوئے جس ساز سے پیدا، اسی کے زیر و بم ہوں گے


تمھیں اس انقلابِ دہر کا کیا غم ہے اے اکبرؔ

بہت نزدیک ہیں وہ دن، کہ تم ہوگے نہ ہم ہوں گے


لرننگ پورٹل