لاگ ان

منگل 02 جمادی الثانی 1446 بہ مطابق 03 دسمبر 2024

لاگ ان

منگل 02 جمادی الثانی 1446 بہ مطابق 03 دسمبر 2024

لاگ ان / رجسٹر
منگل 02 جمادی الثانی 1446 بہ مطابق 03 دسمبر 2024

منگل 02 جمادی الثانی 1446 بہ مطابق 03 دسمبر 2024

شیخ الاسلام حضرت مولانا مفتی محمد تقی عثمانی دامت برکاتہم
نائب صدر، جامعہ دارالعلوم کراچی

آپ کی نعت کیا کہوں؟

آپ کی نعت کیا کہوں؟ سیدِ خلقِ کِردگار
جلوہ گرِ الست کے سب سے حسین شاہ کار
آپ کے وصف میں سدا لفظ و بیاں فگندہ سر
آپ کی نعت کے حضور، شعر ہمیشہ شرم سار
کون و مکاں کی رفعتیں آپ کے نقشِ پا کی دھول
شمس و قمر کے دائرے آپ کی راہ کا غبار
آپ ہیں قلب و روح کی سلطنتوں کے تاج ور
آپ ہیں بامِ قدس پر حسنِ ازل کے راز دار
آپ کی اتباع میں دونوں جہاں چمن چمن
زیست بھی جس سے دل نواز، گور و کفن بھی لالہ زار
آپ سے پہلے ہر طرف ظلم و ستم کا راج تھا
آپ کے دم سے کِھل اٹھی عدل کی فصلِ نو بہار
آپ کے دم سے دور کی خالقِ کائنات نے
روحِ زمیں کی تشنگی، چشمِ فلک کا انتظار
صدیوں سے جو حقیقتیں گمرہیوں میں دَفْن تھیں
آپ کی اک پکار سے ہو گئیں ساری آشکار
وہم و گماں کے دشت میں بھٹکے ہوئے تھے قافلے
آپ کے دم سے پا گئے علم و یقین کا قرار
جہل کا میل اتار کر، وہم کی گرد جھاڑ کر
اُمّی نے لہلہا دیے حکمتِ دیں کے سبزہ زار
ارض و سماں سے عرش تک آپ کی عظمتوں کی دھوم
پھر بھی ہمارے درد میں فرشِ زمیں پہ اشک بار
اتنے درود آپ پر جتنی خدا کی نعمتیں
اتنے سلام آپ پر جن کا نہ ہو سکے شمار

لرننگ پورٹل