احمد شاہ عرف احمد ندیم قاسمی (۱۹۱۶۔۲۰۰۶)
معروف شاعر، نقاد، افسانہ نگار
خدا کرے کہ میری ارضِ پاک پر اترے |
وہ فصلِ گل، جسے اندیشۂ زوال نہ ہو |
یہاں جو پھول کھلے، وہ کھلا رہے صدیوں |
یہاں خزاں کو گزرنے کی بھی مجال نہ ہو |
یہاں جو سبزہ اُگے، وہ ہمیشہ سبز رہے |
اور ایسا سبز، کہ جس کی کوئی مثال نہ ہو |
گھنی گھٹائیں یہاں ایسی بارشیں برسائیں |
کہ پتھروں سے بھی روئیدگی محال نہ ہو |
خدا کرے کہ نہ خَم ہو سرِ وقارِ وطن |
اور اس کے حُسن کو تشویشِ ماہ و سال نہ ہو |
ہر ایک فرد ہو تہذیب و فن کا اوجِ کمال |
کوئی ملول نہ ہو، کوئی خستہ حال نہ ہو |
خدا کرے کہ میرے اِک بھی ہم وطن کے لیے |
حیات جرم نہ ہو، زندگی وبال نہ ہو |
خدا کرے کہ میری ارضِ پاک پر اترے |
وہ فصلِ گل، جسے اندیشۂ زوال نہ ہو |