نماز کی فضیلت پر مشتمل ایک روایت کی بارے میں دریافت کرنا ہے کہ کیا یہ روایت ثابت ہے؟ روایت درج ذیل ہے:
حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما فرماتے ہیں کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا: جب بندہ نماز شروع کرتا ہے اور اللہ اکبر کہتا ہے تو گناہوں سے پاک ہوجاتا ہے، جب بندہ ثناء پڑھتا ہے تو جسم کے ہر بال کے بدلےمیں ایک سال کی عبادت کا ثواب ملتا ہے، جب اعوذ باللہ پڑھتا ہے تو موت کی سختیاں آسان ہوجاتی ہیں، جب بسم اللہ پڑھتا ہے تو چار ہزار نیکیاں لکھی جاتی ہیں، جب سورہ فاتحہ شروع کرتا ہے تو گویا اس نے حج وعمرہ ادا کیا، جب رکوع میں جاتا ہےتو احد پہاڑ کے برابر سونا صدقہ کرنے کا ثواب عطا ہوگا، جب تسبیح پڑھتا ہے تو اللہ نے جتنی کتابیں زمین میں اتاری ہیں ہرکتاب کی تلاوت کا ثواب ملے گا، جب سمع اللہ لمن حمدہ کہے گا تو اللہ اسے رحمت کی نظر سے دیکھے گا، جب سجدے میں جائے گا تو اللہ اس کو قرآن کے حرفوں کے برابر غلام آزاد کرنے کا ثواب دے گا، جب سجدہ کی تسبیح کہے گا تو تمام جنات وشیاطین کی تعداد کے برابر ثواب ملے گا، التحیات کے وقت جہاد کرنے والوں کے برابر ثواب ملے گا، اور جب سلام پھیرے گا تو دوزخ کے دروازے بند اور جنت کے دروزے اس کےلیے کھول دیے جائیں گے۔
الجواب باسم ملهم الصواب
نماز کی فضیلت بہت سی قرآنی آیات اور صحیح احادیث سے ثابت ہے۔ سوال میں مذکور روایت انیس الواعظین نامی کتاب میں منقول ہے، لیکن اس کی کوئی سند نہیں ذکر کی گئی۔ اس کے علاوہ معتبر کتب حدیث میں یہ روایت نہیں مل سکی۔ اس لیے اسے حدیث کہہ کر بیان کرنے سے اجتناب کیا جائے۔
والله أعلم بالصواب
فتویٰ نمبر4572 :