ایک ویڈیو کلپ میں ایک بزرگ سے سنا کہ جو شخص شب جمعہ کو ایک ہزار مرتبہ درود شریف پڑھے گا تو اللہ تعالی موت سے پہلے جنت کا ٹھکانہ اسے دکھا دیں گے۔ کیا ایسی کوئی حدیث ہے؟
الجواب باسم ملهم الصواب
اس مفہوم کی کئی روایات کتب حدیث میں موجود ہیں:عن أنس بن مالك -رضي الله عنه- قال: قال رسول الله صلی الله عليه وسلم: ((من صلی علي في يوم الجمعة ألف مرة لم يمت حتی يری مقعده من الجنة)). الترغيب والترهيب لقوام السنة (1/ 505) ترجمہ:’’ حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے فرماتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ جو شخص مجھ پر جمعہ کے دن ہزار مرتبہ درود پڑھے تو مرنے سے پہلے اپنا ٹھکانا جنت میں دیکھ لے گا‘‘۔
عَنْ أَنَسِ بْنِ مَالِكٍ، قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّی اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: «مَنْ صَلَّی عَلَيَّ فِي يَوْمٍ أَلْفَ مَرَّةٍ، لَمْ يَمُتْ حَتَّی يَرَی مَقْعَدَهُ مِنَ الْجَنَّةِ» (الترغيب في فضائل الأعمال وثواب ذلك لابن شاهين ص: 14) ترجمہ:’’ حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے فرماتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ جو شخص مجھ پر ایک دن میں ہزار مرتبہ درود پڑھے تو مرنے سے پہلے اپنا ٹھکانا جنت میں دیکھ لے گا‘‘۔
من صلی علی فی يوم ألف مرة لم يمت حتی يبشر الجنة (أبو الشيخ عن أنس) جامع الأحاديث (21/ 11، بترقيم الشاملة آليا) ترجمہ:’’جو شخص مجھ پر ایک دن میں ہزار مرتبہ درود پڑھے تو مرنے سے پہلے اس کو جنت کی بشارت دے دی جائے گی‘‘۔
والله أعلم بالصواب
فتویٰ نمبر4424 :