مجھے(multi level marketing) کے بارے میں فتوی لینا تھا کیا یہ جائز ہے؟
شرائط اور طریقہ کار کے لیے درج ذیل لنکس ملاحظہ فرمائیں۔
https://en.m.wikipedia.org/wiki/Multi-level_marketing
https://en.m.wikipedia.org/wiki/Qnet
Qnet.net
الجواب باسم ملهم الصواب
ملٹی لیول مارکیٹنگ یعنی کسی چیز یا اشیاء کے خاص مجموعے کو بنیاد بنا کر رکنیت سازی کے ذریعے درجہ بدرجہ کاروبار پھیلایا جاتا ہے، اور نیچے کے ہر درجے کی وجہ سے اونچے درجے کے بھی تمام لوگ مستفید ہوتے رہتے ہیں۔ اس کاروبار کی دو بنیادی خرابیاں ہیں: ایک یہ کہ اوپر کے درجات میں موجود لوگ محض آئندہ آنے والے لوگوں کی وجہ سے نفع لیتے رہتے ہیں حالانکہ اس وقت وہ کسی بیع، شرکت یا اجارہ وغیرہ کے عقد میں شامل نہیں ہوتے۔ اور دوسری وجہ یہ کہ اس قسم کی مارکیٹنگ میں مقصود محض پیسوں کی ہیرا پھیری ہوتی ہے۔ حقیقی بیع کا وجود یعنی رقم دے کر اپنے یا دوسروں کے لیے کوئی کارآمد چیز لینا مقصود نہیں ہوتا۔ مزید یہ کہ اس بنیاد پر فروغ پانے والے کسی بھی کاروبار کی تفصیلات میں اگر دیکھا جائے اور بھی بہت سے معاملات غیر شرعی طریقے سے انجام پارہے ہوتے ہیں۔ اس لیے اس طرح کا کاروبار کرنا جائز نہیں۔ یہ قباحتیں ملٹی لیول مارکیٹنگ کا خاص حصہ ہیں، اس لیے مختصرا حکم بھی انھیں ملحوظ رکھ کر لکھا گیا ہے۔ اگر کسی خاص کاروبار کے بارے میں تفصیلی حکم درکار ہو تو اس کاروبار کی تمام تر تفصیلات لکھ کر سوال کریں۔
والله أعلم بالصواب
فتویٰ نمبر4138 :