مفتیان کرام کی خدمت میں میرا سوال یہ ہے کہ ایک مولانا صاحب نے اپنے بیان میں یہ فرمایا کہ حدیث میں آتا ہے: جب تہجد کا وقت ہوتا ہے تو اللہ تعالی فرشتوں سے فرماتا ہے کہ جو میرے نیک بندے ہیں انہیں اٹھا دو اور جو میرے گناہ گار بندے ہیں انہیں سلا دو۔ تو کیا یہ بات حدیث مبارکہ میں نقل ہوئی ہے؟
الجواب باسم ملهم الصواب
ایسی کوئی روایت ذخیرہ حدیث میں ہمیں نہیں ملی۔ البتہ ایک روایت میں اللہ تعالی کا آسمانِ دنیا پر تشریف لاکر اعلانات فرمانے کا ذکر ہے۔
عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ ، رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ ، أَنَّ رَسُولَ اللهِ صلی الله عليه وسلم قَالَ : يَنْزِلُ رَبُّنَا تَبَارَكَ وَتَعَالَی كُلَّ لَيْلَةٍ إِلَی السَّمَاءِ الدُّنْيَا حِينَ يَبْقَی ثُلُثُ اللَّيْلِ الآخِرُ يَقُولُ: مَنْ يَدْعُونِي فَأَسْتَجِيبَ لَهُ مَنْ يَسْأَلُنِي فَأُعْطِيَهُ مَنْ يَسْتَغْفِرُنِي فَأَغْفِرَ لَهُ. (صحيح البخاري، كتاب التهجد، باب الدعاء والصلاة من آخر الليل) ترجمہ: حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ہررات کے آخری تہائی حصے میں اللہ تعالی آسمان دنیا پر نزول فرماتے ہیں اور ارشاد فرماتے ہیں: کوئی ہے مجھ سے دعا کرنے والا کہ اس کی دعا قبول کروں؟ کوئی ہے مجھ سے سوال کرنے والا کہ اسے عطا کروں؟ کوئی ہے مجھ سے مغفرت طلب کرنے والا کہ اسے بخش دوں؟۔
والله أعلم بالصواب
فتویٰ نمبر2654 :