میرا بیٹا ڈاکٹر ہے، اس کی گڈاب کے ایک ہسپتال میں سرکاری نوکری ہے، وہاں چوں کہ مریض بہت کم آتے ہیں اور تین چار ڈاکٹر ہیں اس لیے ڈیوٹی ہفتے میں تین یا چار دن ہوتی ہے۔ وہاں ایک چپڑاسی کی ضرورت ہے لیکن ہسپتال والوں نے نہیں رکھا ہوا۔ البتہ وہاں کے جو بڑے ہیں انہوں نے ڈاکٹرز سے یہ کہا ہے کہ اگر کوئی ڈاکٹر پیون کی تنخواہ، جو کہ دس ہزار ہے، اداکرے گا، اسے نوکری سے مزید سہولت مل جائے گی اور پھر اسے صرف دو دن ہی آنا ہوگا۔ میرے بیٹے کو امتحانات کی تیاری بھی کرنی ہے تو کیا وہ اس سہولت سے فائدہ اٹھاسکتا ہے کہ پیون رکھ کر اس کی تنخواہ ادا کرے اور بدلے میں نوکری کا ایک دن کم ہوجائے؟ وہاں چوں کہ مریض کم آتے ہیں اس لیے ان کا نقصان ہونے کا بھی اندیشہ نہیں۔ برائے مہربانی جلد رہنمائی فرمائیں۔
الجواب باسم ملهم الصواب
صورت مسئولہ میں ہسپتال میں سرکاری نوکری کرنے والے کے لئے چپڑاسی کو اجرت دینا اور اس کے بدلے اپنی نوکری میں سہولت حاصل کرنا چونکہ سرکار سے ساتھ کئے ہو ئے معاہدے کی خلاف ورزی ہے اس لئے یہ معاملہ ناجائز ہے سرکاری ہسپتال میں چپڑاسی سرکار کا ملازم ہے نہ کہ کسی ملازم کا اس لئے اس کی اجرت بھی سرکار کے ذمہ لازم ہے نہ کہ کسی ملازم کے ذمہ۔ لہذا کسی ملازم کا اپنی تنخواہ میں سے چپڑاسی کو تنخواہ دینا اور اس کے بدلہ ہفتے میں تین دن کے بجائے دو دن کام کرنا جائز نہیں البتہ اگر یہ ملازم سرکار سے نیا معاہدہ کر لے جس میں ہفتے میں تین دن کے بجائے دو دن کام کی شرط کے ساتھ تنخواہ میں کمی کروا لے اور سرکار چپڑاسی کے ساتھ الگ معاہدہ کر کے اس کی تنخواہ مقرر کرے تو یہ جائز ہے۔
والله أعلم بالصواب
فتویٰ نمبر4529 :